شہباز شریف کا دورہ ترکمانستان، صدربردی سے ملاقات

شہباز شریف کا دورہ ترکمانستان، صدربردی سے ملاقات

وزیراعظم کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورتجارت بڑھانے کے عزم کا اظہار ترکمانستان کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو بروئے کار لاسکتاہے :شہبا زشریف

عشق آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے اور عشق آبا د میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کی ۔  شہباز شریف نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے اورتجارت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز وفد کے ہمراہ عشق آباد پہنچے ، ایئر پورٹ پہنچنے پر ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کے سربراہ محمد خان چیکیئف نے استقبال کیا۔ وزیرِاعظم عشق آباد میں ہونیوالی بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد 2025، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور

ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے فورم میں شرکت کریں گے ۔وزیرِ اعظم فورم میں شریک عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ عشق آباد پہنچنے کے بعد شہبازشریف نے وفد میں شریک اسحاق ڈار ،اویس لغاری،عطااللہ تارڑ اورکابینہ واعلیٰ افسروں کے ہمراہ ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دوطرفہ ملاقات کی اور ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 ویں سالگرہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2025 کو امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے رواں برس ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کیلئے تعاون پرشکریہ اداکیا ۔وزیراعظم نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا جغرافیہ مثالی ہے ، جسے ترکمانستان جنوبی ایشیا اور اس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کیلئے بروئے کار لاسکتا ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں