سلانوالی :گھر سے 14لاکھ روپے کے زیور،نقدی ،کپڑے چوری
سلانوالی (نمائندہ دنیا)سلانوالی کے نواحی علاقے چک نمبر 117شمالی میں نامعلوم چور رات کی تاریکی میں گھر کے ایک کمرے کا تالا توڑ کر 14 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی بغیر سلے ملبوسات چوری کر کے فرار ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق محمد ممتاز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں سویا ہوا تھا کہ نامعلوم چوروں نے موقع پاکر واردات کی۔ چور 10لاکھ 75ہزار روپے مالیت کے طلائی زیورات، 2لاکھ 17ہزار روپے نقدی، 65ہزار روپے مالیت کے بغیر سلے ملبوسات اور 43ہزار روپے کا دیگر گھریلو سامان لے گئے ۔اطلاع ملنے پر تھانہ سلانوالی پولیس نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ شخص کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔