ایک کروڑ کا چیک ڈس آنر‘پراپرٹی فراڈ کا مقدمہ درج
سلانوالی (نمائندہ دنیا)سلانوالی میں ایک کروڑ روپے کا چیک ڈس آنر ہونے پر پولیس نے فراڈ کے الزام میں ایک پراپرٹی ڈیلر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو سیٹلائٹ ٹاؤن سرگودھا کے رہائشی علی حسن فاروق نے پولیس کو بتایا کہ وہ پراپرٹی ڈیلر ہے اور غدیر حسین سے دوستانہ تعلقات تھے ۔ ملزم نے اس سے چار کروڑ 50 لاکھ روپے میں مکان خریدنے کا معاہدہ کیا۔ابتدائی طور پر 15 لاکھ روپے نقد ادا کیے گئے جبکہ باقی رقم کیلئے مختلف تاریخوں کے چیک دیے گئے ، تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کی ادائیگی کے بعد ملزم نے جعلسازی کے ذریعے مکان اپنے نام منتقل کروا لیا۔ بعد ازاں ایک کروڑ روپے کا چیک بینک میں جمع کروایا گیا جو اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے ڈس آنر ہو گیا،تھانہ سلانوالی پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر فراڈیے کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔