اسٹاک ایکسچینج:انڈیکس 1لاکھ74 ہزار کی تاریخی سطح سے واپس
1495 پوائنٹس بڑھ کر انڈیکس پہلی بارایک لاکھ 73 ہزار 896 پر بند دوروز میں انڈیکس نیا سنگ میل عبور کرسکتاہے ، ارسلان احمد کی دنیا سے گفتگو
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)اسٹاک مارکیٹ میں سال کے اختتام سے پہلے بینچ مارک 100 انڈیکس نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ۔ 100 انڈیکس نے تین نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ پہلا ریکارڈ 100 انڈیکس کا ریکارڈ ٹریڈنگ آغاز ،دوسرا ریکارڈ دوران ٹریڈنگ بلند ترین سطح پر ٹریڈ اور تیسرا ریکارڈ ٹریڈنگ کا تاریخی اختتام پر بنا ۔ تفصیلات کے مطابق 100 انڈیکس 799 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 73 ہزار200 پوائنٹس کی ریکارڈ حد سے کھلا ،اسکے بعد 100 انڈیکس کی برق رفتاری سے دوران ٹریڈنگ 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا بڑا اضافہ ہوا اور انڈیکس 1 لاکھ 73 ہزار کی حد پار کرتا ہوا پہلی بار1 لاکھ 74 ہزار 411 پوائنٹس کی ریکارڈ نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا۔
یو اے ای کی جانب سے فوجی فاؤنڈیشن میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان سے فوجی فاؤنڈیشن کے تمام اداروں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 1495 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 73 ہزار 896 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 1026ارب کا منافع ہوا ۔مجموعی طور پر563کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 177کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،272میں کمی اور 114میں استحکام رہا۔ اسٹاک ایکسپرٹ ارسلان احمد نے دنیا نیوز کو بتایا کہ رواں سال کے اختتام سے قبل ہی 100 انڈیکس مثبت معاشی اشاریوں ، عسکری و سفارتی مظبوطی اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث ایک اور نیا سنگ میل عبور کرسکتا ہے۔