بنگلہ دیش:سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی حالت انتہائی تشویشناک
ڈھاکہ (دنیا مانیٹرنگ)بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاکی صحت کی حالت مزید بگڑ گئی ہے اور وہ اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہیں۔۔۔
رات گئے ایور کیئر ہسپتال کے سی سی یو کے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیا الحق نے بتایا خالدہ ضیاکی حالت نہایت تشویشناک ہے ۔ انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے جب بھی ڈائیلسز روکا جاتا ہے تو ان کی طبی حالت نمایاں طور پر خراب ہو جاتی ہے ۔ متعدد بیماریوں کے باعث ایک ساتھ تمام علاج ممکن نہیں رہا۔میڈیکل بورڈ کے ایک اور معالج نے نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش پر بتایا کہ ڈاکٹر اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اب سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ خالدہ ضیاگزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے سی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ 80 سالہ سابق وزیراعظم طویل عرصے سے گنٹھیا، ذیابیطس، گردوں، جگر، پھیپھڑوں، دل اور آنکھوں سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔