ایران :کرنسی بحران پر ہڑتال ، مظاہرین کیخلاف طاقت کا استعمال
تہران میں ڈالر کی قیمت 1 لاکھ 44 ہزار تومان ، زرِ مبادلہ میں اُتار چڑھاؤ قیمتوں میں عدم استحکام نے کاروبار کو مشکل بنا دیا ہے :تاجروں کی شکایت
تہران ( مانیٹرنگ سیل )ایران میں کرنسی بحران پر ہڑتال اور احتجاج کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ تہران میں ایک ڈالر کی قیمت ایک لاکھ 44 ہزار تومان تک جا پہنچی ہے ۔تہران کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں پولیس کو مظاہرین پر آنسو گیس فائر کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔گزشتہ روز کئی دکاندار اور تاجروں نے کرنسی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا اور بعض نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔ مظاہروں میں ایران کے سابق حکمران رضا شاہ کے حق میں بھی نعرے لگائے گئے ۔ایرانی میڈیا کے مطابق تاجروں نے شکایت کی ہے کہ حالیہ دنوں میں شدید زرِ مبادلہ کے اُتار چڑھاؤ اور قیمتوں میں عدم استحکام نے کاروبار کو مشکل بنا دیا ہے ۔ایرانی اخبارات نے کرنسی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ڈالر کہاں جا کر رکے گا؟،ایران کی معیشت کے منفی امکانات اور حالیہ ہفتوں میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث بہت سے سرمایہ کاروں نے اپنی رقوم سونے اور زرِ مبادلہ جیسے متوازی بازاروں میں منتقل کر دی ہیں۔