18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی : بلاول
تعلیم ، صحت میں بہتری کی کافی گنجائش ،یہ دونوں سہولتیں شہریوں کا بنیادی حق:بینظیر میڈیکل یونیورسٹی میں خطاب چیئرمین پی پی کی نانا، والدہ کی قبروں پرحاضری، قربانیوں پر خراج عقیدت پیش، خانگڑھ کے ریگستانی علاقے کا دورہ بھی کیا
لاڑکانہ، نوڈیرو (نمائندگان، دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے ، جبکہ تعلیمی اداروں میں بہتری کی کافی گنجائش موجود ہے۔ لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم اور صحت کوئی رعایت نہیں، یہ شہریوں کا بنیادی حق ہے، تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، ہماری ترجیح ہیلتھ کیئر سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے رہی، اٹھارہویں ترمیم کے بعد صحت کے شعبے میں بہت سرمایہ کاری کی، ہم شعبہ صحت میں کسی صوبے سے نہیں بلکہ دنیا سے مقابلہ کر رہے ہیں، ہمارے صوبے میں دل کا مفت علاج ہو رہا ہے۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدابخش بھٹو میں اپنے نانا قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹواور والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ودیگر کی قبروں پر حاضری دی، اور فاتحہ خوانی کیاور پھول چڑھائے ، اور ملک میں جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے لیے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری خانگڑھ کے ریگستانی علاقے سردار گڑھ ،بلاول ریگستانی علاقے میں قائم عرب شہزادوں کے کیمپ کا بھی دورہ کریں گے ، جہاں متحدہ عرب امارات کے وفاقی وزیر شیخ النہیان بن مبارک سے ملاقات کے امکانات ہیں۔