ظفر مسعود چیئرمین پی بی اے ،ناصر سلیم وائس چیئرمین منتخب
16رکنی ایگزیکٹو کمیٹی میں دو خواتین اراکین اور8نئے رکن شامل ہیں
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے )نے 16 رکنی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا انتخاب اور اعلان کر دیا جس میں دو خواتین اراکین اور8نئے شامل ہونے والے رکن بینکس شامل ہیں۔ یہ اقدام سب کی شمولیت اور بینکاری شعبے کی وسیع نمائندگی کی جانب ایک اہم اسٹریٹجک پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے ۔انتخابات کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر بینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرظفر مسعود کو پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کا چیئرمین منتخب کیا۔
ظفر مسعود نے کہا کہ نئی تشکیل شدہ ایگزیکٹو کمیٹی ایسوسی ایشن کے طرزِ رہنمائی میں ایک اہم ارتقائی مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے ۔نئی قیادت میں حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرناصر سلیم کو سینئر وائس چیئرمین جبکہ فیصل بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسریوسف حسین کو وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ۔ناصر سلیم نے عالمی معاشی دباؤ کے تناظر میں استحکام اور مضبوط کمپلائنس فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔