ٹریفک حادثات میں 8افراد جاں بحق، 21زخمی
ٹنڈوالہ یارمیں وین کی ٹرالی کو ٹکرسے 4 ،پتوکی میں رکشہ کی ٹکر سے کانسٹیبل چل بسا پاکپتن میں سرکاری اہلکار ،بصیرپور 2افراد چل بسے ، کسووال میں بس الٹنے سے 7 زخمی
بصیرپور، پاکپتن،کسووال، ٹنڈو الہ یار، پتوکی(نامہ نگار ،سٹی رپور ٹر ، نمائندہ دنیا، نمائندہ خصوصی، این این آئی، تحصیل رپورٹر)ٹنڈوالہ یار، بصیرپور، پاکپتن،کسووال ، پتوکی میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق، 21زخمی ہوگئے ۔ پہلا واقعہ ٹنڈوالہ یار میں ہوا، جہاں میر پور خاص سے حیدر آباد جا نے والی تیز رفتار وین گنے سے بھری ہو ئی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی ،جس سے 4افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے ، دم توڑنے والوں میں رخسانہ شیخ،متحدہ اتحادعبا سیہ انٹر نیشنل کے ضلعی صدر میر پور خاص اور سابقہ ایس ڈی او حیسکو ریاض احمد عباسی مہتاب شیخ سمیت چار افراد شامل ہیں ۔ادھر مین جی ٹی روڈ اوکاڑہ ٹول پلازہ پرمنی ٹرک عقب سے ٹرالر کوجاٹکرایا، حادثہ میں 4 افراد منی ٹرک میں پھنس گئے ، جن میں سے 38 ٹو آر کا رہائشی 40سالہ مقبول ولد سجاول موقع پر ہی دم توڑ گیا، 3 زخمی بھائیوں 40سالہ عاشق مسیح ولد جان مسیح،42سالہ وارث مسیح اور 50سالہ عامر مسیح کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بصیرپور میں ہی فیصل آباد روڈ اڈا ینگ پور کے قریب بس کی ٹکر سے 65 سالہ نامعلوم شخص جان کی بازی ہارگیا۔پتوکی کے نواحی علاقہ ہنجرائے کلاں میں رکشہ کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے تھانہ سٹی پھولنگر میں تعینات پولیس کانسٹیبل نصر محمد موقع پر ہی دم توڑ گیا جو ڈیوٹی کے بعد گھر جارہا تھا۔ پاکپتن کے علاقہ کارخانہ حاجی خورشید کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں ڈی سی آفس کا نوجوان اہلکار راؤعظیم جاں بحق ہو گیا۔کسووال اوورہیڈ برج کے قریب لاہور سے ملتان جانیوالی بس الٹنے سے 7 مسافر زخمی ہو گئے ،جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔