ہولی فیملی ہسپتال کے گارڈ کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق
جھگڑے کے بعد بے ہوش ہونیوالا تیماردار ایمرجنسی منتقل، کچھ دیر بعد دم توڑ گیا بظاہر موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ،پولیس ، قتل بالسبب کی دفعہ کے تحت مقدمہ
راولپنڈی (خبرنگار)راولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال میں سکیورٹی گارڈ اور مریض کے تیماردار کے درمیان جھگڑا ۔جھگڑے کے دوران سکیورٹی گارڈ کی جانب سے مبینہ تشدد کے بعد نوجوان کی حالت غیر ہوگئی۔تشدد کے واقعے کے بعد نوجوان کے لواحقین موقع پر پہنچے تو سکیورٹی گارڈ فرار ہوگیا ۔ بے ہوش نوجوان کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا، تاہم وہ کچھ دیر بعد دم توڑ گیا۔لواحقین نے سکیورٹی گارڈ پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔
پولیس کے مطابق بظاہر موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے جبکہ لڑائی جھگڑے کے دوران کسی قسم کا ہتھیار استعمال نہیں ہوا۔پولیس نے وا قعہ کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 322 (قتل بالسبب)کے تحت درج کرلیا ہے ۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نمونے فرانزک سائنس ایجنسی بھجوا د ئیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر رپورٹ میں موت کی وجہ تشدد ثابت ہوئی تو مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی جائیں گی۔