30 ہزارپتنگیں برآمد، سینکڑوں گرفتار ،نوجوان ڈور سے زخمی

30 ہزارپتنگیں برآمد، سینکڑوں گرفتار ،نوجوان ڈور سے زخمی

پولیس کے لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھاپے ، پتنگ بنانیوالی 5 فیکٹریاں سیل شادباغ میں ڈور پھرنے سے بلال کے گلے پر گہرا زخم ، ہسپتال منتقل،انکوائری کا حکم

 لاہور،مریدکے (کرائم رپورٹر،نمائندہ دنیا) پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ۔صوبہ بھر سے 30 ہزار 774 پتنگیں اور 676 ڈور چرخیاں برآمد ،پتنگ بازی پرسینکڑوں افراد گرفتار جبکہ شادباغ میں گلے پرڈور پھرنے سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ لاہور میں سخت اقدامات کرتے ہوئے 107 ملزموں کو گرفتار ، مقدمات درج کیے گئے اور 2 ہزار 650 پتنگیں جبکہ 97 ڈور چرخیاں قبضے میں لی گئیں۔ تھانہ شادباغ کی حدود ٹوکے والا چوک میں 24 سالہ بلال اسلم پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے زخمی ہو گیا۔ شہ رگ پر گہرا زخم آیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لیکرایس ایچ او شادباغ کیخلاف انکوائری کا حکم دیکر24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ۔ مجاہد سکواڈ نے علی الصبح ناکہ شیرا کوٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ سے 150 سے زائد پر پتنگیں 4 ڈور کی چرخیاں برآمدکرکے ملزم کو گرفتارکرلیا ۔

ملزم کے انکشاف پر پتنگ منگوانے والے کو بھی گرفتار کر کے ملزموں سفیان اور ثنا اللہ کوتھانہ شیراکوٹ کے حوالے کر دیا گیا۔ کینٹ ڈویژن پولیس نے کریک ڈاؤن میں خرم، عمران، جاویدسمیت 86پتنگ باز گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ۔ سٹی ڈویژن پولیس نے 53 ملزم گرفتار کر کے درجنوں پتنگیں اور کیمیکل ڈور برآمد کر لی ۔ لاہور پولیس نے کارروائیوں میں پتنگ بنانے والی 5 فیکٹریوں کو سیل کر کے خام مال بھی برآمد کرلیا۔ مریدکے پولیس نے ماڈل سٹی میں گھرپر چھاپہ مار کر ہزاروں پتنگیں ضبط کر لیں اوردو بھائیوں عمران اور عثمان گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں