دو بیٹوں سمیت باپ کے قتل کا معمہ حل، دوملزم گرفتار

 دو بیٹوں سمیت باپ کے قتل کا معمہ حل، دوملزم گرفتار

محکمہ ہیلتھ ملازم روحیل ،ناصرہ نے پیسوں کے لین دین پرنشہ آور جوس پلاکر گلادبایا مقتولین کی موبائل ایپ سے 30لاکھ اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرلئے ،مزید تفتیش جاری

لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس نے کاہنہ کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں دو بیٹوں سمیت باپ کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ یہ انکشاف ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شاہد نواز ورائچ نے پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے بتایا انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ مرکزی ملزم اور مقتولین میں پیسوں کے لین دین کاتنازع تھا۔ مرکزی ملزم محکمہ ہیلتھ میں پولیو بلاک انچارج تعینات ہے جبکہ گرفتار خاتون ملزمہ بھی پولیو ورکر فرائض انجام دے رہی تھی۔ دونوں نے ملی بھگت سے بزرگ شہری نعمان اور اسکے دو بیٹوں عمران اور کامران کو جوس میں نشہ آور گولیاں ملا کر پلائیں اور تینوں کو بیہوش ہو نے پر گلادبا کر بیدردی سے قتل کر دیا۔ بعدمیں ملزموں نے مقتولین کی موبائل ایپ سے 30 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر لیے ۔ ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ واردات میں استعمال ہونیوالے شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں