پولیس کی کارروائیاں، ہزاروں غیر قانونی پتنگیں برآمد،4ملزم گرفتار
سگیاں میں پولیس نے ٹرک سے لاکھوں مالیت کی 12ہزار600 پتنگیں پکڑیں محمود بوٹی میں 2ملزموں کی گاڑی سے پولیس لائٹ، دو کیپس بھی برآمد ہو ئیں
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں پولیس ناکوں پر سخت چیکنگ جاری ،ساڑھے 15ہزار سے زائد غیر قانونی پتنگیں برآمد،4ملزم گرفتار کر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سگیاں چوکی پولیس نے پتنگوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا اور اس سے 12ہزار600 تیار پتنگیں برآمد کرکے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم لائسنس کی آڑ میں لاکھوں مالیت کی غیر قانونی طور پر پتنگیں فیصل آباد سے لاہور لا رہے تھے ۔ادھر مجاہد سکواڈ نے ناکہ محمود بوٹی پر پرائیویٹ گاڑی سے دوران تلاشی 3 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کر لیں جو کارٹنوں میں چھپا کر لے جائی جا رہی تھیں اور یہ لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھیں،پولیس نے 2 ملزموں عتیق اور حبیب کو گرفتار کرکے تھانہ باغبانپورہ کے حوالے کردیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران ایک پولیس لائٹ، دو پولیس کیپس، پولیس اپر اور ایک آفیشل ڈائری بھی برآمد ہوئی جس پر گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔