فائیو جی سپیکٹرم نیلامی، حکومت کو 142ارب آمدن
جاز نے 190، یوفون 180اور زونگ نے 110میگا ہرٹز سپیکٹرم خریدا ٹیکنالوجی ڈیجیٹل معیشت میں کردار ادا کر یگی:محمد اورنگزیب، شزا فاطمہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی مکمل کر لی گئی، مجموعی طور پر 595 میگا ہرٹز سپیکٹرم میں سے 480 میگا ہرٹز فروخت ہوا، حکومت کو تقریباً 507 ملین ڈالر (تقریباً 142 ارب روپے ) آمدن ہوئی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق نیلامی میں تین موبائل کمپنیوں نے بولیاں دیں۔ جاز نے مجموعی طور پر 190 میگا ہرٹز، یوفون نے 180 میگا ہرٹز اور زونگ نے 110 میگا ہرٹز سپیکٹرم خریدا۔ جاز نے مختلف فریکوئنسی بینڈز میں سپیکٹرم حاصل کیا جن میں 700، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز شامل ہیں۔ کمپنی کو ملک بھر میں بہتر کوریج اور زیادہ ڈیٹا گنجائش فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ یوفون نے زیادہ تر 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں سپیکٹرم حاصل کیا جو تیز رفتار شہری فائیو جی سروس کیلئے اہم سمجھا جاتا ہے ۔ زونگ نے 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں سپیکٹرم خریدا۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ نیلامی شفاف طریقے سے مکمل کی گئی جس کی نگرانی متعلقہ اداروں نے کی۔ حکام نے کہا اس اقدام سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا اور تیز رفتار انٹرنیٹ سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ فائیو جی سروسز کا مرحلہ وار آغاز 2026 کے وسط سے بڑے شہروں میں متوقع ہے ، اس سے ملک میں جدید ڈیجیٹل سروسز، سمارٹ ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ ٹیکنالوجی ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے بنیادی کردار ادا کرے گی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا نیلامی کا مقصد محض فوری آمدن کا حصول نہیں بلکہ ٹیلی کام آپریٹرز کو نیٹ ورک کی توسیع اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے ۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کہا پی ٹی اے نیلامی کے شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے جدید ٹیکنالوجیز کے فروغ کے حوالے سے پُرعزم ہے ، صارفین کو بہتر اور مؤثر ڈیجیٹل سہولیات میسر ہوں گی۔