شکارپور:ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او شہید

 شکارپور:ڈاکوؤں کی فائرنگ  سے ایس ایچ او شہید

شکارپور(نمائندہ دنیا)شکارپور میں قومی شاہراہ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او شہید ہوگئے ۔ خمیسو خان بروہی کی نمازِ جنازہ پولیس لائن شکارپور میں ادا کی گئی، شہید کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے اور دو سرکاری نوکریوں کا اعلان کیا گیا۔

 شکارپور کے قریب لکی غلام شاہ تھانے کی حدود میں سکھر شکارپور قومی شاہراہ پر رات گئے نوابشاہ سے کوئٹہ جانے والی سدابہار کوچ کو گاؤں آندل مہر کے قریب مسلح افراد نے سڑک بلاک کر کے روک لیا۔ گاڑی کے ٹائر برسٹ کرنے کے بعد کوچ میں سوار مسافروں کو یرغمال بنا کر ان سے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی گئی۔ اطلاع پر لکی غلام شاہ پولیس موقع پر پہنچی، جہاں ملزموں سے مقابلہ ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او لکی غلام شاہ خمیسو خان بروہی شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں سکھر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں