3سی سی ڈی افسروں کو زخمی کر نیوالا ملزم مقابلے میں ہلاک

3سی سی ڈی افسروں کو زخمی کر نیوالا ملزم مقابلے میں ہلاک

افتخار خٹکی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ گیا،دیگر ساتھی فرار ہو گئے سرگودھا میں رضوان پولیس مقابلے میں زخمی ہوگیا،ملزم کے 2ساتھی بچ نکلے

 کلورکوٹ، سرگودھا (نمائندہ دنیا،سٹاف رپورٹر)کلورکوٹ میں تین سی سی ڈی افسروں کو زخمی کر کے فرار ہونے والا خطرناک اشتہاری ملزم افتخار خٹکی پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے ،سرگودھا میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عمر والی کچہ کے علاقے میں موجود ہے ۔ کلورکوٹ پولیس اور سی سی ڈی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ مبینہ مقابلے کے دوران افتخار خٹکی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افتخار خٹکی نے گزشتہ ہفتے منگو چنگڑ میں سی سی ڈی افسران انسپکٹر ملک عبدالستار، سب انسپکٹر  عثمان سلطان اور اے ایس آئی مختیار جھکڑ کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔

اے پی پی کے مطابق ملزم افتخار خٹکی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے تین سالہ بچی کو بطور ڈھال استعمال کیا اور فرار ہوتے ہوئے اسے قتل کردیا اور ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف ضلع بھکر، میانوالی اور دیگر اضلاع میں قتل، اقدام قتل سمیت متعدد سنگین مقدمات درج تھے ۔سرگودھا پولیس کے مطابق سیال موڑ روڈ سیدنو کے قریب ناکہ پر موجود پولیس نے ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو روکا تو ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور موٹر سائیکل چھوڑ کر قریبی فصلوں میں فرار ہو گئے ۔ دو طرفہ فائرنگ کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تو ایک ملزم جس کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی، زخمی حالت میں گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات سپلائی کرنے جا رہا تھا اور اس کے ساتھی منشیات سمیت فرار ہو گئے ۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں