متعدد وارداتیں:نواب ٹائون سے پرس چور لیڈی گینگ گرفتار
ملزموں سے 17 فونز، پرس ، آئی ڈی کارڈز، ہزاروں نقدی ، قیمتی اشیاء برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے ،موبائل فون ،موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ نواب ٹاؤن پولیس نے پرس چور خواتین کا متحرک گینگ گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس نے شاپنگ سینٹرز میں جیب تراشی ،پرس اور موبائل فون چوری کرنے والی خواتین کنول ، نسیم اور ساتھی پرویز کو گرفتار کر کے ان سے چوری شدہ 17 موبائل ، پرس ، آئی ڈی کارڈز، ہزاروں نقدی اور قیمتی اشیاء برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خواتین گینگ کی شکل میں پرہجوم بازاروں اور مالز میں وارداتیں کرتی تھیں اور خواتین کے پرس سے نقدی ، موبائل فون نکالنے میں ماہر تھیں۔
ادھر ڈاکوئوں نے مصری شاہ میں فاروق سے 2 لاکھ65 ہزار روپے اور موبائل فون،باغبانپورہ میں رفیق سے 2 لاکھ15ہزار نقدی اور موبائل فون، گڑھی شاہو میں زبیر سے 2 لاکھ 10ہزار روپے اور موبائل فون، ٹائون شپ میں شہزاد سے 2لاکھ روپے اور موبائل فون، مصطفی أٓباد میں ارشد سے 1 لاکھ 65ہزار نقدی ، موبائل فون اور دیگر سامان چھین لیا۔ شاہدرہ ٹائون میں تین چورعارف کی دکان سے ہزاروں روپے مالیت کا موبائل فون چوری کرکے فرار ہوگئے ۔ ٹبی سٹی اور شادمان سے گاڑیاں جبکہ مستی گیٹ، سندر اور سول لائنز سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔