میہڑ :پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ، 3اہلکار شہید، ایک زخمی

میہڑ :پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ، 3اہلکار شہید، ایک زخمی

زخمیوں میں 3 مسافر بھی شامل،ڈاکو گاڑیاں لوٹ رہے تھے ، پولیس موقع پر پہنچ گئی ڈی ایس پی میہڑ کی سربراہی میں بھاری نفری ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ ہو گئی

میہڑ (نمائندہ دنیا) میہڑ لنک روڈ قاضی عارف باڑیا پنہور میں پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلے میں 3 اہلکار شہید اور پولیس اہلکار سمیت 4 مسافر شدید زخمی ہو گئے ۔ ڈاکو قاضی عارف باڑیا پنہور سے درگاہ عبداللہ شاہ گودڑیو کے میلے سے واپس آنے والے زائرین کا راستہ روک کر گاڑیوں سے لوٹ مار کر رہے تھے اور مزاحمت کرنے والے مسافروں پر گولیاں چلائیں، جس سے نذر بروہی ، علی مراد بروہی اور معشوق بروہی سمیت متعدد مسافر زخمی ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر قاضی عارف پوسٹ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ اس دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران 3 پولیس اہلکار حفیظ مہیسر ، عرفان چانڈیو اور امام الدین کھوسو شہید ہوگئے۔

جبکہ پولیس اہلکار سکندر بھرگڑی شدید زخمی ہوگیا ۔ شہید پولیس اہلکاروں اور زخمی اہلکار سمیت  4 مسافروں کو تعلقہ اسپتال میہڑ لے جایا گیا ۔ اطلاع ملنے پر شہید اور زخمی اہلکاروں کے ورثا، میہڑ تعلقہ کے پولیس افسران اور شہری بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ گئے ۔ دریں اثنا ڈی ایس پی میہڑ کی سربراہی میں سی آئی اے میہڑ ، میہڑ اے سیکشن ، بی سیکشن پولیس سمیت مددگار 15 پولیس افسران ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ ہو گئے ہیں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں