ٹریفک حادثات ، 2خواتین سمیت 8افراد جاں بحق،3زخمی
پاکپتن میں دو موٹرسائیکلوں کے تصادم سے 3، کار کی ٹکر سے خاتون چل بسی مظفر گڑھ میں ٹرالر کی ٹکر سے 2، بوریوالا، ننکانہ میں بھی دو ہلاکتیں ہوئیں
پاکپتن، مظفرگڑھ، بوریوالا، ننکانہ صاحب(سٹی رپور ٹر،اے پی پی،نمائندہ دنیا، خبرنگار)پاکپتن ، مظفر گڑھ، بوریوالا اور اوکاڑہ میں 5 ٹریفک حادثا ت میں 2 خواتین سمیت 8افراد جاں بحق، 3شدید زخمی ہوگئے ۔ پاکپتن کے نواحی علاقے جمن شاہ روڈ قبولہ چک23 کے بی کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں خوفناک ٹکر کے نتیجے میں ماں بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ، 3 شدید زخمی ہو گئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں 20 سالہ اکرام ولد شریف،اسکی والدہ 60 سالہ حنیفاں بی بی اور 18 سالہ علی حیدر ولد علی شیر شامل ہیں۔ تینوں افراد نے موقع پر ہی دم توڑ ا۔ زخمیوں میں 60 سالہ غلام فاطمہ زوجہ نیک محمد، 15 سالہ حمید ولد رشید اور 15 سالہ احمد رضا ولد وزیر احمد شامل ہیں۔ پاکپتن ہی میں ساہیوال روڈ پر چک 20 ایس پی کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں وہاڑی کی رہائشی 32 سالہ ہما ثانیہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ مظفرگڑھ چوک سرور شہید پختون آباد کے قریب تیزرفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 افرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔بوریوالا چیچہ وطنی روڈ پر تیز رفتار مسافر بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے اس پر سوار عبد المجیدموقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ننکانہ صاحب میں شیخوپورہ فیصل آباد مین جی ٹی روڈپر پنواں سٹاپ کے قریب تیز رفتار بس کی سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں اس پر سوار 55سالہ یونس چل بسا۔