ماں بیٹی کا قتل،بچے سے زیادتی ، 3 ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

 ماں بیٹی کا قتل،بچے سے زیادتی ، 3 ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

مقتولہ کے شوہر مصطفی اور اجرتی قاتل یاسر کو چھڑانے کیلئے ساتھیوں کا پو لیس پر حملہ جوابی کا رروا ئی پر دونوں مارے گئے ، ظفر پر علی فیضان کو بدفعلی کے بعد قتل کا الزام تھا

 گوجرانوالہ،پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد (کرائم رپورٹر،نامہ نگار، نمائندہ دنیا )ماں اور بیٹی کے لرزہ خیز قتل اوربچے سے زیادتی کے تین ملزم مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک ہوگئے ۔پولیس کے مطابق تھانہ گرجاکھ کے علاقہ میں مقتولہ ندا کے شوہر غلام مصطفی اور اجرتی قاتل یاسر پولیس کی تحویل میں تھے ۔ دونوں کو اسلحہ برآمدگی کیلئے لدھے والا کے علاقہ میں لے جایا جا رہا تھا کہ پولیس پارٹی پپناکھہ کے قریب پہنچی تو اچانک نامعلوم افراد نے ملزموں کو چھڑ انے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے پر دونوں زیر حراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر موقع پر ہلاک ہو گئے ۔ادھر تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کے علاقے میں 6 سالہ بچے کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ چک صابو میں 24 گھنٹے  

قبل ثاقب نواز کے بیٹے علی فیضان کے اغوا اور قتل کے واقعے کا کامران حمید نے نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور لواحقین کو فوری انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ایس ڈی پی او سرکل پنڈی بھٹیاں کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے علاقے بھر میں ناکہ بندی کر دی۔ اس دوران پٹڑی نہر کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزموں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے بھی حفاظتی اقدام کے تحت جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن میں ایک ملزم موقع پر مردہ پایا گیا جسکی شناخت ظفر حشمت کے نام سے ہوئی جو 6 سالہ بچے کے اغوا اور قتل مقدمے میں مطلوب تھا۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں