ننکانہ:نوجوان کو زندہ جلا دیا گیا،بوری بندجلی ہوئی لاش برآمد
ننکانہ صاحب (خبر نگار )ننکانہ صاحب کے نواحی علاقے بچیکی کے محلہ غلام نبی پاک میں نوجوان کو مبینہ طور پر زندہ جلا دیا گیا،بوری بندجلی ہوئی لاش ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ مشکوک موٹر سائیکل سوار بوری بند لاش پھینک کر تیزی سے فرار ہوگیا ،لاش کی شناخت جلال نو موڑکھنڈا کے رہائشی عدنان ولد عارف کے نام سے ہوگئی۔ مشتبہ صورتحال پر پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ابتدائی شواہد کے مطابق عدنان کو نہایت سفاکانہ انداز میں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلایا گیا، جس سے واقعے کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے ۔اطلاع ملنے پر تھانہ بڑاگھر پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے ، شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ڈی پی او ارسلان زاہد کا کہنا ہے کہ ملزموں غلام فرید اور شعبان کی شناخت ہو چکی ہے ، انہیں جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔