پنجاب ،سندھ ،پختونخوا :مبینہ پولیس مقابلے ،16ملزم ہلاک

پنجاب ،سندھ ،پختونخوا :مبینہ پولیس مقابلے ،16ملزم ہلاک

فیصل آباد میں ہارون ، آفتاب ، شہباز،نصیر ، چنیوٹ میں علی ، نوید اوررضا مارے گئے گوجرانوالہ ،وزیرآبادمیں ایک ایک ، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں 5ملزموں کی ہلاکت

لاہور،فیصل آباد،چنیوٹ،گوجرانوالہ ،کراچی ،پشاور(کرائم رپورٹر،نمائندگان دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب ،سندھ اور خیبرپختونخوا میں مبینہ مقابلوں کے دوران 16ملزم ہلاک اور متعدد فرار ہوگئے ۔بتایاگیاہے کہ فیصل آباد میں رشید آباد کے قریب سی سی ڈی کے  چھاپے کے دوران 8 ملزموں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ سے ہارون شیری، آفتاب ، شہباز اور نصیر ہلاک ہوگئے ، جبکہ چار ملزم فرار ہوگئے ،ہلاک ملزم مختلف اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی اور فائرنگ کے مقدمات میں ملوث ہیں۔ادھر چنیوٹ میں ڈاکو فضل عباس نامی شہری کے گھر ڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے کہ ساڑ مراد والا روڈ پر سی سی ڈی ٹیم سے سامناہوگیاجس پر ملزموں نے فائرنگ کردی اورجوابی کارروائی میں تین ملزم علی حمزہ، نوید عباس اور غلام رضا مارے گئے جو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے ۔دریں اثنا گوجرانوالہ کے تھانہ ماڈل ٹاؤن کے علاقہ میں مبینہ مقابلے کے دوران شفیق نامی ملزم مارا گیا جبکہ باغبانپورہ اور کامونکے میں مقابلوں کے بعد دو ملزم عثمان اورعدیل زخمی حالت میں پکڑے گئے جبکہ تھانہ سٹی وزیرآباد پولیس کیساتھ ڈسکہ روڈ حاجی پورہ ڈریم گارڈن کے قریب مبینہ مقابلے میں اشتہاری ملزم علی رضا المعروف رجو ہلاک ہو گیا جو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ لاہورکے سبزہ زار میں سی سی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم ارسلان کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو تقریباً 40 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے مشکوک گاڑی کو روکا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی جس کے بعد جوابی فائرنگ سے 5 ڈاکو ندیم، سرفراز، نوید، آصف اور غلام عباس مارے گئے ،ملزموں نے 15 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کیا تھا جبکہ کندھ کوٹ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں پولیس نے ایک ڈاکو غالب کھوسو عرف طالب کھوسو کو مارڈالا جس کیخلاف ضلع کے مختلف تھانوں میں 11 سے زائد مقدمات درج ہیں ۔دوسری طرف بنوں پولیس نے پانچ افراد کے قتل میں مطلوب خطرناک ملزم عدنان کو جنگلات میں پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں