ستھرا پنجاب کو 2 سال ہو گئے لیکن توقعات پوری نہیں ہوئیں : مریم نواز

 ستھرا پنجاب کو 2 سال ہو گئے لیکن توقعات پوری نہیں ہوئیں : مریم نواز

عوام کو صاف ماحول دینا ترجیح :خطاب،پونے 2 لاکھ ورکرزکی اے آئی مانیٹرنگ کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

لاہور(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ ، اس پروگرام میں بدعنوانی، بدانتظامی یاغفلت برداشت نہیں،ستھرا پنجاب کو 2 سال مکمل ہوگئے لیکن توقعات پوری نہیں ہوئیں ، پروگرام کیلئے تمام وسائل مہیا کئے گئے ، عوام کو صاف اور صحت مند ماحول دینا ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستھراپنجاب سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔اجلاس میں حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کی 40 ہزار گاڑیوں اور 1 لاکھ 76 ہزار ورکرزکی اے آئی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ عیدالاضحی کے موقع پرسمارٹ صفائی کا آغاز کیا جائے گا،اس موقع پر غفلت برتنے والوں کو آن سپاٹ جرمانہ،اے آئی کیمروں سے لیس بائیکس فیلڈ اورگھوسٹ ملازمین کو فارغ کرنے پر غور کیا گیا، پنجاب بھر میں کوڑے کی نشاندہی کیلئے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس بائیکس متعارف کرائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عید الاضحی سے پہلے ہی ستھرا پنجاب کو الرٹ کال دے دی،پنجاب بھر میں آلائشیں اٹھانے کیلئے بیگز فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے پنجاب میں عید الاضحی کے موقع پر ویسٹ کولیکشن سینٹر کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کر دی اور ویسٹ کولیکشن سینٹر کے علاوہ کسی بھی جگہ آلائشیں یا کوڑا کرکٹ پھینکنے پر آن سپاٹ جرمانہ ہوگا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب میں ڈیجیٹل میپنگ اور بیٹ سسٹم لانچ متعارف کرایا جارہا ہے ، ستھرا پنجاب پروگرام میں پہلی بار اے آئی بیسڈ کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا جائے گا، 70 فیصد ملازمین کی فیزیکل ویری فیکیشن مکمل کر لی، اگلے ہفتے تک 100 فیصد مکمل کر لی جائے گی۔ مریم نواز شریف نے صوبے میں ستھرا پنجاب کے اہلکاروں و افسران کی اے آئی کی مدد سے فیلڈ مانیٹرنگ کا حکم دیدیا۔ اجلاس میں سسٹم ایمپرومنٹس، اے آئی بیسڈ آپریشنز،مالی معاملات اور ویسٹ ٹو ویلیو پر رپورٹس بھی پیش کی گئی۔مریم نواز نے گھوسٹ ملازمین،غیر حاضر اور حاضری لگا کر رفوچکر ہونے والے ستھرا پنجاب کے ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب کے ملازمین کیلئے مزید 2029 حاضری پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، اہلکاروں کی حاضری کیلئے نئی ایپ تیارکر لی گئی،حاضری لگا کر غائب ہونے والوں کی تنخواہ سے کٹوتی ہوگی ۔اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب سے زیادہ میرے دل کے قریب کوئی اور منصوبہ نہیں اور اس کی حفاظت کرنا میرا فرض ہے ،میں ستھرا پنجاب منصوبے کو کبھی بھی کرپشن یا سیاسی مداخلت کا شکار نہیں ہونے دوں گی،ایم ڈیز ستھرا پنجاب کے فرنٹ لائن لیڈرز ہیں،جو افسر بہترین کارکردگی دکھائے گا، اسے بہتر مواقع اور پوسٹنگ دی جائے گی،غیر ذمہ داروں کیلئے اس سسٹم میں جگہ نہیں ہوگی، جب ہمارے پاس اتنے وسائل، افرادی قوت اور ٹیکنالوجی موجود ہے تو 100 فیصد نتائج نہ دینا ناقابلِ قبول ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صفائی کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں،جو لوگ آپ کا گند صاف کرتے ہیں انہیں عزت دیں اور ان کا احترام کریں،مزدور کی تنخواہ وقت پر ادا ہونی چاہیے ،ستھرا پنجاب والوں کا یونیفارم صاف اور معیاری ہونا چاہیے ،ستھرا پنجاب میں کوئی غیر دستاویزی کام برداشت نہیں ہوگا ،تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج ورکرز کا حق لیکن باہر آ کر فساد پھیلانا برداشت نہیں، پنجاب میں کسی کو بھی کسی قسم کی بدتمیزی کی اجازت نہیں ، ورکرز کو اجرت بروقت ملنی چاہیے ، افسران شکایات کو سنجیدگی سے لیں۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ایک لاکھ 75 ہزار ورکرز ہیں، عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں ، جو افسران کام نہیں کریں گے انہیں معطل کر دیا جائے گا کوئی معافی نہیں دی جائے گی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر عوامی امور، ترقیاتی پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا،فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں کو سراہا۔ ملک محمد احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنا کھیت ،، اپنا روزگارسکیمسے ہزاروں نوجوانوں رزق کما سکیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں، عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ،ستھرا پنجاب پروگرام اپنی نوعیت کا دنیا کاسب سے بڑا منظم ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بن چکا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب نے چین میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکا سے 21 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے کہا کہ مشکل گھڑی میں غمزدہ چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں