شکرگڑھ:چھت گرنے سے ماں ، 2بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

شکرگڑھ:چھت گرنے سے ماں ، 2بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

لدھڑ میں وقاص مٹھو مکان بنارہاتھا،لینٹر ڈالتے ہوئے چھت اچانک گرگئی صدف، رفاقت، 10 سالہ حمید اور 6 سالہ شانزے موقع پر ہی دم توڑ گئے

 شکرگڑھ،چک امرو (تحصیل رپورٹر،نامہ نگار) زیرتعمیر مکان کی چھت گرنے سے ماں 2بچوں سمیت 4افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے ،بتایا گیا ہے کہ شکرگڑھ کے نواحی گاؤں لدھڑ میں وقاص مٹھو کے زیر تعمیر مکان کی چھت پر لینٹر ڈالا جارہا تھاکہ اوور لوڈنگ کے باعث چھت اچانک زمین بوس ہو گئی اور 6 افراد ملبے تلے دب گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں ،ریسکیو آپریشن کے دوران 2 بچوں ڈیڑھ سالہ ہادیہ اور 7ماہ کے محمد فراز کو زندہ نکال لیا  گیا، جنہیں معمولی زخم آئے ۔حادثے میں 32 سالہ صدف، 45 سالہ رفاقت، 10 سالہ حمید اور 6 سالہ شانزے موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ تمام زخمیوں اور متاثرین کو ٹی ایچ کیوہسپتال شکرگڑھ منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونیوالی ماں اور بچے مہمان آئے ہوئے تھے ، ادھر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سو گوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورمتعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو تمام ممکنہ بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں