دو مبینہ پولیس مقابلے ، 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
تھانہ ٹھیکریوالا اور صدرکے علاقے میں آمنا سامنا ،رفاقت ،صدام ، عرفان پکڑے گئے تینوں ڈاکو ڈکیتی، چوری، راہزنی ودیگر مقدمات میں مطلوب تھے ،5ملزم فرار ہوگئے
فیصل آباد،ٹھیکریوالا(سٹی رپورٹر،نمائندہ دنیا) مختلف تھانہ جات کے علاقوں میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں تین ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا جبکہ پانچ ملزم موقع سے فرار ہوگئے ۔ تھانہ ٹھیکریوالا پولیس روٹین گشت پر مامور تھی کہ اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزموں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انکی جانب سے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی گئی اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ جسکی شناخت رفاقت کے نام سے ہوئی۔ جو پولیس کو ڈکیتی، چور، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اسکے دیگر تین ساتھی موقع سے فرا رہوگئے ۔ تھانہ صدرکے علاقے راجباہ روڈ پر موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران پولیس ٹیم سے آمنا سامنا ہوگیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی ہوگئے ۔ جنہیں زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ جنکی شناخت صدام اور عرفان کے نام سے ہوئی۔ جو ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ گرفتار ملزموں کے قبضے سے نقدی، اسلحہ، موٹرسائیکلز اور دیگر سامان برآمد کرلیاگیا اور مقدمات درج کرکے تحقیقات بھی شروع کردی گئیں۔