الیکٹرک بائیکس کی تیاری کیلئے پاک چین کمپنیوں میں معاہدہ
مقامی سطح پر اسمبلنگ اور مارکیٹنگ سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا
کراچی(بزنس رپورٹر)مقامی کمپنی نے چینی شراکت دار کے ساتھ الیکٹرک بائیکس کی اسمبلنگ، مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ کے لیے معاہدہ کرلیا ہے ۔اس پیشرفت سے نہ صرف ملک میں گرین ٹرانسپورٹ کے شعبے کو فروغ ملنے کی توقع ہے بلکہ مقامی آٹو انڈسٹری، روزگار اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں کمپنی نے آگاہ کیا کہ چینی کمپنی کے ساتھ اشتراک کے تحت پاکستان میں جدید الیکٹرک بائیکس کی تیاری، اسمبلنگ اور مارکیٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ملک میں کم لاگت، ماحول دوست اور ایندھن بچانے والی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی پٹرول قیمتوں اور ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ پاک چین اشتراک حکومتِ پاکستان کی نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی سے مکمل ہم آہنگ ہے۔