گلستانِ جوہر میں ٹریفک حادثہ میں نوجوان جاں بحق،دوست زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستانِ جوہر میں ٹریفک حادثہ میں نوجوان جاں بحق جبکہ دوست زخمی ہوگیا۔ نامعلوم افراد ٹریفک حادثے کے شکار افراد کا موبائل فون اور قیمتی سامان چوری کرکے لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کامران چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا دوست زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ عمر جبکہ زخمی کی شناخت علی کے نام سے ہوئی ہے ۔دونوں نوجوان آپس میں قریبی دوست تھے ۔اہلخانہ کے مطابق حادثے کے بعد دونوں نوجوانوں کا موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان بھی غائب ہوگیا۔ متوفی عمر کے والد سیف اللہ عباسی نے بتایا کہ انہیں کسی نامعلوم شخص نے ان کے بیٹے کے موبائل فون سے کال کرکے حادثے کی اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ اسپتال پہنچے تو معلوم ہوا کہ ان کا بیٹا جاں بحق ہوچکا ہے ۔ والد کے مطابق حادثے کے بعد عمر کا موبائل فون اور دیگر سامان بھی نہیں ملا۔سیف اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے حال ہی میں نویں جماعت کے امتحانات دیے تھے جبکہ حادثے والے روز اس کا پریکٹیکل دیا تھا۔