مبینہ مقابلے ، ڈکیتی ، منشیات فروشی کے 8 ملزم ہلاک ، 13 زخمی
پنڈی بھٹیاں میں پولیس پر فائرنگ،جوابی کارروائی میں ساتھیوں کی فائرنگ سے صاحب خان، تصور اقبال مارے گئے تتلے عالی میں مبینہ منشیات فروش خرم شہزاد،فیصل آباد میں وقاص، فیصل محمود،پھالیہ میں غلام چشتی ،ناظم علی ،امیر حمزہ ہلاک ہوئے
فیصل آباد،پنڈی بھٹیاں ،پھالیہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ،منڈی بہاؤالدین، (نمائندگان دنیا ،ایجنسیاں )مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے 8ملزم ہلاک،13زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق یصل آباد کے مختلف تھانہ جات کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک، جبکہ چھ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ سمن آباد کے علاقے میں پولیس نے واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزموں نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے تعاقب پر فائرنگ تبادلے کے دوران ایک ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت فیصل محمود کے نام سے ہوئی جو پولیس کو ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا۔تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے میں بھی پولیس نے واردات کے بعد فرار ہونے والے موٹرسائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم وقاص موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ۔تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے میں پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دوزخمی ملزم گرفتار ، ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ہونے والے ملزموں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جن کی شناخت عامر سلطان اور ابوبکر کے نام سے ہوئی۔ تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کی حدود پل موٹروے ایم فور مصطفی آباد پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران دو ڈاکوصاحب خان اور تصور اقبال اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ۔ دونوں ملزموں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کر دیا گیا جبکہ تیسرے فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔ نوشہرہ ورکاں کے علاقہ تھانہ تتلے عالی میں پولیس مقابلہ کے دوران شمسہ ڈھڈا کا ر ہائشی بدنام زمانہ منشیات فروش خرم شہزاد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ۔ پھالیہ کے تھانہ پاہڑیانوالی کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ کے نتیجہ میں دو ملزم ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے جبکہ ایک فرار ہو گیا۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت غلام چشتی سکنہ ڈلہ جرمیاں ضلع ننکانہ صاحب اور ناظم علی سکنہ پنڈی دھوتھڑاں ضلع منڈی بہاؤالدین کے نام سے ہوئی ہے ۔ تھانہ صدر وزیرآباد کے علاقہ میں پولیس ناکہ بندی کے دوران ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران واردات شہریوں کو فائر مارنے سمیت 40 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو امیر حمزہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ تھانہ گکھڑ منڈی کے علاقہ میں ذہنی معذور جواں لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے مقدمہ میں نامزد ملزم انعام، مدثر اور یوسف کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس منڈی بہاؤالدین نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تھانہ گوجرہ کے علاقہ میں دورانِ ناکہ بندی ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت سعودالرحمن سکنہ بوسال سکھا کے نام سے ہوئی ہے۔