صدر کا دورۂ چین، معاشی، دفاعی منصوبوں میں اہم پیش رفت

صدر کا دورۂ چین، معاشی، دفاعی منصوبوں میں اہم پیش رفت

صوبوں سے براہ راست تعاون ، نئے معاشی و زرعی منصوبوں کے امکانات روشن سب میرینز، زراعت، سمندر کا پانی کو میٹھا بنانے کے پلانٹس، چائے دیگر منصوبے شامل سی پیک کے تعطل سے پاکستان کا نقصان ہوا ، مانڈوی والا کی صحافیوں کو بریفنگ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری کے حالیہ دورۂ چین کے دوران اہم معاشی، سماجی، زرعی اور دفاعی منصوبوں میں اہم پیش رفت ہوئی جبکہ چین نے پاکستانی صوبوں کے ساتھ براہِ راست تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے ،سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاچین کے مختلف صوبے پاکستان کے صوبوں کے ساتھ معاشی، زرعی اور سماجی شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے خواہاں ہیں اس حوالے سے صوبے اپنی تجاویز ایوانِ صدر کو ارسال کرسکتے ہیں، جنہیں صدر مملکت چینی صوبائی قیادت کے سامنے اٹھائیں گے ۔ ترجمان ایوان صدر مرتضیٰ سولنگی ،پریس سیکرٹری دانیال گیلانی کے ساتھ سینئر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا صدر زرداری کے دورۂ چین کے دوران متعدد اہم معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں، جن میں سب میرینز، زراعت، کراچی میں سمندر کے پانی کو میٹھا بنانے کے پلانٹس، چائے کی پیداوار، مشترکہ فلم سازی، مصنوعی ذہانت، بچوں کی ہارٹ سرجری اور جانوروں کی ویکسینیشن سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو جلد چین میں نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا، جس کی چینی زبان میں ڈبنگ مکمل کرلی گئی ، سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ جدید چین کے بانی ماؤزے تنگ کے گھر صدر پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چینی قیادت نے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ بچوں کے امراضِ قلب کے معروف چینی ماہر سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا اور وہ جلد پاکستان کا دورہ بھی کریں گے ،سلیم مانڈوی والا نے واضح کیا کہ صدر زرداری کے دورۂ چین کا ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی یا جنگی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ ایسے دورے کئی ماہ پہلے طے پاتے ہیں ، سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وہ سی پیک کے مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبوں سے متعلق ذرائع ابلاغ کی تجاویز بھی صدر پاکستان تک پہنچائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں