اسلام آباد:خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق ،5زخمی
اسلام آباد(نمائندہ دنیا)بہارہ کہو میں تیز رفتار لینڈ کروزر نے 4 افراد کی زندگیاں نگل لیں، خوفناک حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین نے مین مری روڈ بند کر کے شدید احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق لینڈ کروزر کے ڈارئیور کو گرفتار کر لیا گیا۔بہارہ کہو مسلم ٹاؤن کے رہائشی جا ں بحق عدیل عباسی کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی ۔ واقعہ کے مطابق ایک تیز رفتار لینڈ کروزر گاڑی نے بے قابو ہو کر سوزوکی ایف ایکس کار سمیت دو گاڑیوں اور کئی موٹر سائیکلوں کو بری طرح کچل ڈالاجس کے نتیجہ میں4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 5افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ حادثہ میں سوزوکی کار اور موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور گاڑیوں میں سوار افراد پھنس گئے ۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے لوگوں کی مدد سے گاڑیوں کے حصے کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا ، شدید زخمی افراد کو پمزہسپتال منتقل کیا گیا ہے ، جہاں بعض کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کو قبضے میں لے لیا اورمقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ گاڑی میں موجود افراد کا تعلق بھی بہارہ کہو سے بتایا جارہاہے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں فضل اور عامر بھی شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق ٹریفک حادثے کے مرکزی ملزم واثق جو موقع سے فرار ہوگیا تھا کو چند گھنٹوں میں ٹریس کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ وقوعہ کی ایف آئی آر تھانہ بہارہ کہو میں درج کی جاچکی ہے ۔ پولیس نے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کر لیے ہیں ، ٹھوس شواہد کی روشنی میں مقدمہ کی تفتیش عمل میں لائی جائے گی اور مقتولین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔