مبینہ پولیس مقابلے،ایوب گادھی پر حملہ کے 3ملزموں سمیت 8ہلاک
لاہور میں اجتماعی زیادتی کا ملزم عدنان مارا گیا، 3ملزموں نے مہینہ پہلے خاتون سے زیادتی کی، ویڈیو بھی بنائی:پولیس ٹوبہ میں شبیر ، سہیل اور عمران ،شیخوپورہ عمران، مجاہد، دیپالپور جہانگیر،گوجرانوالہ میں بھانجی سے زیادتی کا ملزم مارا گیا
لاہور،ٹو بہ ٹیک سنگھ،گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ ،دیپالپور(کرائم رپورٹر،دنیا نیوز،نمائندگان دنیا)لاہور سمیت مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ، 8ملزم ہلاک ہو گئے ،2زخمیوں سمیت 4کو گرفتار کر لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ لاہور میں سی سی ڈی سول لائنز نے خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عدنان کی گرفتاری کیلئے ہربنس پورہ میں چھاپہ ماراتو ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی ،فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عدنان ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی عبداللہ کو گرفتار کر لیا گیا، تیسرا ملزم مبشر تا حال مفرور ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے 3 ملزموں عبداللہ، عدنان اور مبشر نے ایک ماہ قبل گجرپورہ کے علاقے میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر زبردستی کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس دوران ویڈیو بھی بنائی تھی ۔ادھر سی سی ڈی ٹوبہ ٹیک سنگھ نے ایم پی اے ایوب گادھی پر حملہ کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے گزشتہ روز تھانہ رجانہ کی حدود میں چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی ،جوابی کارروائی میں ساتھیوں ہی کی فائرنگ سے 3 ملزمان غلام شبیر ، سہیل افضل اور عمران ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے 2ساتھیوں کو گرفتارکر لیا گیا ، فائرنگ کے تبادلہ میں پولیس کانسٹیبل ثقلین ، حسنین رضا اوراے ایس آئی عامر شہزاد زخمی ہوگئے ۔
دریں اثنا شیخوپورہ کے علاقہ مانانوالہ میں لاگرروڈ پرسی سی ڈی سے مقابلہ میں ڈکیتی ومنشیات فروشی کا ملزم عمران عرف مانو گھوڑا ، تھانہ بھکھی کے علاقہ فیروز وٹواں میں ملزم مجاہد عرف مادی اوراوکاڑہ تحصیل دیپالپورکے تھانہ صدر کی حدود میں ملزم جہانگیربھی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، اس کے ساتھی فرار ہو گئے ۔ دریں اثنا گوجرانوالہ میں 6 سالہ بھانجی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانیوالا ملزم اعجاز ہلاک ہوگیا اوراس کا نامعلوم ساتھی فرار ہو گیا ۔علاوہ ازیں تھانہ ماڈل ٹا ؤن کے علاقہ میں موٹر سائیکل چوری کا ملزم بلال اور تھانہ دھلے کے علاقہ میں ملزم ثاقب عرف ببن زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔ واضع رہے ایک روز قبل بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں 10مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 13ملزم مارے گئے تھے اور 3کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔