چک جھمرہ :بھتہ نہ دینے پر فائرنگ نوجوان قتل ، والد شدید زخمی
لاہور،چک جھمرہ (کرائم رپورٹر،نامہ نگار )تھانہ جھمرہ کے علاقے چک نمبر 102 ج ب برج منڈی میں مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا والد شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔برج منڈی کے رہائشی شہباز اور اس کا بیٹا حیدر اپنی گلی کے چوک میں موجود تھے کہ مبینہ طور پر رانا گروپ سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں 20 سالہ حیدر موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے والد شہباز کی ٹانگوں پر گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گئے ۔ دونوں کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں حیدر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کے دوران ایک ملزم، نومی مسلی کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی اور سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث تمام ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ۔