مبینہ پولیس مقابلے ، 5 ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک، 8 گرفتار

 مبینہ پولیس مقابلے ، 5 ریکارڈ  یافتہ ملزم ہلاک، 8 گرفتار

فیصل آباد،اوکاڑہ (سٹی رپورٹر،خبرنگار)پنجاب کے مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ، ریکارڈ یافتہ 5 ملزم ہلاک ، 5زخمیوں سمیت 8ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے تھانہ سٹی کی حدود میں بائی پاس روڈ پر پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم علی حیدر مارا گیا جبکہ اس کے چار ساتھی فرار ہو گئے ۔ ہلاک ملزم ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔اسی طرح تھانہ نشاط آباد کے علاقے پل ڈینگرو کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ منشیات فروش رمضان ہلاک  ہوگیا جبکہ پولیس نے مبینہ فائرنگ کے تبادلوں کے بعد تھانہ جھنگ بازار کے علاقے میں انصاری پارک کے قریب ریکارڈ یافتہ ڈکیتی کے ملزم فیصل مسیح ،تھانہ صدر کے علاقے اعوان پلی کے قریب ڈکیتی کے ملزموں غلام عباس اور شہزاد ،تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے سنت سنگھ پھاٹک کے قریب زیادتی کے مقدمے میں ملوث ملزم عبدالولی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ادھر اوکاڑہ میں چک نمبر 12 ون ایل کے قریب سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونیوالے 9 رکنی اوڈھ ڈکیت گینگ کے 3کارندے عباس، حیدر اور ککا ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی ملزم ندیم سمیت 4ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 فرار ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزم قتل، اقدام قتل، ریپ اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ۔ پولیس نے تمام مقابلوں کے زخمیوں کو علاج کیلئے متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں