قومی ویمنز ٹیم کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ مہم کا شکست سے آغاز
انڈیا کے 171رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 17اوورز میں 106رنز بنا کر ڈھیر،منیبہ علی 41رنز بنا کر نمایاں رہیں بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے 5وکٹیں حاصل کیں،ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوا تھا
برمنگھم (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے دی ہے ۔ برمنگھم میں انڈیا کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 17 اوورز میں 106 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے منیبہ علی 41 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ عالیہ ریاض 18، عائشہ ظفر 12، گُل فروزہ 12، نطالیہ پرویز 7، ناشرہ سندھو 4، رامین شمیم 4، سائرہ جبین 2 جبکہ تسمیہ رباب اور کپتان فاطمہ ثنا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا تھا جبکہ اس موقعے پر دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوا تھا۔
انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر شفالی ورما نے پانچ گیندوں پر چھ رنز بنائے اور سعدیہ اقبال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد جمیما روڈریگز بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکیں اور سات گیندوں پر ایک رن بنا کر تسمیہ رباب کا شکار بن گئیں۔سمرتی مندھانا نے 44 گیندوں پر 68 رنز سکور کیے ۔کپتان ہرمن پریت کور نے 35 گیندوں پر 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ بھارتی فلمالی صرف ایک رن بنا سکیں اور سعدیہ اقبال کی دوسری وکٹ بنیں۔وکٹ کیپر رچا گھوش نے آخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور 17 گیندوں پر 34 رنز سکور کیے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ فاطمہ ثنا کی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔۔ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رمین شمیم اور تسمیہ رباب نے ایک، ایک وکٹ لی۔