اسٹاک مارکیٹ پردوسرے ہفتے بھی مندی کے بادل چھائے رہے
سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی، منافع کے حصول سے فروخت کا دباؤ برقرار رہا 100انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 4 ہزار 781 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ
کراچی(کامرس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے ہفتے بھی مندی کی لپیٹ میں رہی، سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی اور منافع کے حصول کے رجحان کے باعث فروخت کا دباؤ برقرار رہا۔ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہفتے میں 4ہزار 781 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس 2.7 فیصد تنزلی کے ساتھ 1 لاکھ 71 ہزار 21 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران بلند ترین سطح 1 لاکھ 78 ہزار 370 پوائنٹس، کم ترین 1 لاکھ 69 ہزار 512 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جس سے پورے ہفتے مارکیٹ میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں برقرار رہیں اور ہفتے بھر میں 3 ارب 48 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مجموعی مالیت 138 ارب روپے رہی، مارکیٹ میں مسلسل مندی سے سرمایہ کاروں کی دولت میں بھی کمی آئی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 512 ارب روپے گھٹ کر 19 ہزار 278 ارب روپے پر آگئی، جس سے حصص بازار کی مجموعی مالیت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، کاروباری سرگرمیوں کا مرکز آئل اینڈ گیس، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹرز رہے ، جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے سب سے زیادہ خرید و فروخت دیکھنے میں آئی تاہم ان شعبوں میں سرگرمی کے باوجود مجموعی مارکیٹ مندی کے دباؤ سے نہ نکل سکی۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ ہفتے مانیٹری پالیسی، معاشی اشاریوں، کارپوریٹ نتائج اور حکومتی پالیسیوں کی بنیاد پر آئندہ ہفتے مارکیٹ کی سمت کا تعین ہونے کا امکان ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments