کراچی :فائرنگ واقعات میں 2 جاں بحق، 12 زخمی
بنارس علی گڑھ چپل مارکیٹ میں شکیل، صفورا چورنگی پر شاہد گولیوں کا نشانہ بنے مومن آباد، سرجانی، اورنگی سمیت مختلف علاقوں میں باسط، زینب و دیگر زخمی ہوئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے فائرنگ واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کے واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں بنارس، علی گڑھ چپل مارکیٹ کے قریب اندھی گولی لگنے سے 30سالہ شکیل جاں بحق ہوگیا۔ایس ایچ او خمیسو خان کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق شکیل گھر کے باہر موجود تھا کہ اچانک نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بن گیا تاہم واقعہ کی ذاتی دشمنی سمیت مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے ۔
تھانہ سچل کی حدود صفورا چورنگی پر فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 45 سالہ شاہد ولد سہیل کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او تھانہ سچل کفایت شاہ کے مطابق فائرنگ کا سبب معلوم نہیں ہو سکا جبکہ واقعہ میں ملوث ملزموں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں 13 سالہ عبدالباسط ولد عبدالواحد گھر کی چھت پر اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 7-D میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے گھر میں موجود 19 سالہ زینب زوجہ انس زخمی ہوگئی۔
سائٹ اے کے علاقے میٹروول میں باغ خیبر کے قریب اندھی گولی لگنے سے 63 سالہ محمد جناب ولد سعید میران نامی شخص زخمی ہوگیا۔ پنجاب چورنگی ک کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ شوکت زخمی ہوگیا۔اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں گولی لگنے سے 34 سالہ یاسر،اورنگی ٹاؤن سیکٹر 7A میں 65 سالہ عبداللہ،نارتھ کراچی میں 5 سالہ عرفان،نارتھ کراچی رشید آباد میں 35 سالہ ملیار بی بی،سہراب گوٹھ میں 65 سالہ ریحام بی بی،محمود آباد اعظم بستی میں 40 سالہ ارشاد بی بی،شاہ لطیف میں 10 سالہ شوشانت،کورنگی بلال کالونی میں 17 سالہ عافیہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے ۔تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل اور واقعات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔