ایک لاکھ سال سے بنا’’نر‘‘ کے زندہ مچھلی کی انوکھی نسل
میکسیکو سٹی(نیٹ نیوز)میکسیکو اور ٹیکساس کے دریاؤں میں تیرنے والی ایک چھوٹی اور چمکدار مچھلی نے دنیا بھر کے سائنسدانوں کو حیران کر دیا ہے کیونکہ اس مچھلی کی پوری دنیا میں کوئی نر مچھلی نہیں ہے اور یہ پچھلے ایک لاکھ سال سے صرف ماؤں کے ذریعے ہی اپنی نسل چلا رہی ہے ۔
سائنسدانوں کا خیال تھا کہ ایسی مخلوق بہت جلد دنیا سے ختم ہو جاتی ہے لیکن یہ مچھلی نہ صرف زندہ ہے بلکہ بہت مزے سے اپنی زندگی گزار رہی ہے ۔بی بی سی میں شائع رپورٹ کے مطابق اس مچھلی کا نام ایمیزون مولی ہے اور اس مچھلی کی مائیں بچے پیدا کرنے کے لیے دوسری قسم کی نر مچھلیوں کے پاس جاتی تو ہیں لیکن ان کے حصے کے جینیاتی مادے یعنی ڈی این اے کو اپنے اندر شامل نہیں کرتیں بلکہ اسے صرف انڈے کو بیدار کرنے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ اس طرح پیدا ہونے والے تمام بچے صرف بیٹیاں ہوتی ہیں جو کلون ہوتی ہیں۔