ایران جنگ میں زخمی امریکی فوجیوں کی تعداد 600سے زیادہ
ابتک 18 فوجی ہلاک ہوئے ہیں :پینٹاگون ، اعداد و شمار کی شفافیت پر سوالات ٹرمپ انتظامیہ جنگی حقائق واضح انداز میں پیش نہیں کر رہی:سابق امریکی جنرل متعلقہ فوجی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ درست کیا جا رہا :ترجمان پینٹا گون
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)پینٹاگون کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فروری میں صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع ہونے کےبعد سے اب تک کم از کم 624 امریکی فوجی زخمی ہو چکے ،اعداد و شمار کے مطابق زخمی اہلکاروں میں سے 461 کا تعلق آرمی، 86 کا تعلق نیوی، 19 کا تعلق میرینز اور 58 کا تعلق ایئرفورس سے ہے ۔ 25 جولائی کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 417 زخمیوں کا تعلق آپریشن ایپک فیوری جبکہ 207 کا تعلق اوورسیز آپریشنز سے بتایا گیا ہے ۔ گزشتہ ہفتے پینٹاگون نے ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعداد و شمار میں خاموشی سے تبدیلی کرتے ہوئے آپریشن ایپک فیوری میں ہلاک ہونے والے چار فوجیوں کے نام نکال کر انہیں اوورسیز آپریشنز کی فہرست میں شامل کر دیا، جس کے بعد اس آپریشن میں ہلاکتوں کی تعداد 18 سے کم ہو کر 14 رہ گئی۔اعداد و شمار میں اس تبدیلی پر شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سابق امریکی جنرل بین ہوجز نے الزام لگایا کہ انتظامیہ جنگ سے متعلق حقائق واضح انداز میں پیش نہیں کر رہی، جبکہ ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے ہلاکتوں کو مختلف زمروں میں تقسیم کرنے کو غیر منطقی حربہ قرار دیا۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ان تبدیلیوں کو عارضی ڈیٹا کی خرابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ فوجی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ درست کیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments