خانیوال :بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر،خاندان کے 4افراد جاں بحق

 خانیوال :بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر،خاندان کے 4افراد جاں بحق

ظفر، اسکی بیوی حوراں ،3سالہ پوتی موقع پر چل بسے ،بہو شمشاد نشتر ہسپتال میں دم توڑ گئی مرنیوالوں کا تعلق باٹی بنگلہ سے تھا،لاش گھر پہنچنے پر کہرام ،ہر آنکھ اشکبار ہوگئی، ڈرائیور گرفتار

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)خانیوال میں تیز رفتار کی بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر،2خواتین اور بچی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کبیروالا کے نواحی علاقہ باٹی بنگلہ کا رہائشی خاندان موٹرسائیکل پر آدھی والا میں اپنے رشتہ داروں کے پاس جا رہا تھا کہ آدھی والا کے قریب مین روڈ پر تیز رفتار بس نے کچل دیا۔ محمد ظفر،اسکی بیوی حوراں بی بی اور تین سالہ پوتی ایمن موقع پر دم توڑ گئے جبکہ بہو شمشاد مائی شدید زخمی حالت میں نشتر ہسپتال میں چل بسی۔چاروں افراد کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ڈی پی او محمد عابد کے فوری نوٹس پر مقامی پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ،عینی شاہدین کے بیانات لئے ، شواہد اکٹھے کئے اور موقع کا معائنہ کیا اور بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔تھانہ کہنہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، ہیومن انٹیلی جنس اور پیشہ ورانہ مہارت سے بس ڈرائیور کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیاجبکہ بس بھی قبضہ میں لے لی ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں