بنگلہ دیشی وزیراعظم کا پہلا غیر ملکی دورہ، ملائیشیا اور چین جائیں گے ،بھارت نظرانداز
ڈھاکہ(اے ایف پی)بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ملائیشیا اور چین جا رہے ہیں۔
اس بات کا اعلان بنگلہ دیشی وزارت خارجہ نے ہفتے کو کیا۔ بنگلہ دیش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق طارق رحمان اتوار کو ملائیشیا پہنچیں گے اور اس کے اگلے روز چین روانہ ہوں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے اپنے پہلے دورے کے لیے ہمسایہ ملک بھارت کونظرانداز کیاہے ۔یاد رہے بنگلہ دیش میں 2024 کی عوامی بغاوت کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی آئی تھی، تاہم رواں برس فروری میں طارق رحمان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد تعلقات میں بہتری آئی ہے ، اگرچہ بعض معاملات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔بنگلہ دیش کی چین اور بھارت کے درمیان علاقائی کشمکش کے تناظر میں یہ دورہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔