مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ،6ملزم ہلاک
چنیوٹ کے چک 157 وگھ میں علی ،عمران اور ارمان نامی ملزم مارے گئے گوجرانوالہ ندیم ،فیصل آباد میں کاشف ، اوکاڑہ میں عبدالرحمن پار کردئیے
گوجرانوالہ ،بھوانہ ،حافظ آباد، اوکاڑہ،فیصل آباد (کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا،خبرنگار،اے پی پی )چنیوٹ ،گوجرانوالہ،فیصل آباد اور اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 6ملزم ہلاک ہوگئے ۔بتایاگیاہے کہ سی سی ڈی چنیوٹ ٹیم نے جامعہ آباد کی جانب سے آنے والی تین موٹر سائیکلوں کوچک 157 وگھ سیم پل کے قریب رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل سواروں نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اورسرچ آپریشن کے دوران 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جن کی شناخت علی، عمران اور ارمان کے ناموں سے ہوئی جبکہ 5دیگر ملزم فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق تینوں ہلاک ملزم ڈکیتی، چوری اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ۔ گوجرانوالہ میں تھانہ کھیالی پولیس سے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم ندیم عرف ڈیمری ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق ملزم ندیم گوجرانوالہ و شیخوپورہ میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت 60 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔
تھانہ صدر کامونکی کے علاقے میں ملزم عمران اور عرفان جبکہ تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں ملزم شعیب عرف شیبو ڈان مقابلے کے بعدزخمی حالت میں پکڑے گئے ۔ تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں کی حدود میں چار ملزم کسیسے روڈ پر رائس مل کے قریب شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس پہنچنے پر دوطرفہ فائرنگ تبادلہ ہوگیا، جس میں 2ریکارڈیافتہ ملزم ثمر عرف سیٹھی اور عاطف عرف اَتی زخمی حالت میں پکڑے گئے ۔ فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد کے علاقہ پل پھٹیاں والا پر ناکہ پر سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب ڈاکو کاشف عرف کاشی ہلاک ہوگیا۔ اوکاڑہ کے تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں مشتبہ ملزموں کے تعاقب کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے ایک زخمی ملزم عبدالرحمن کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور نقدی برآمد ہوئی۔ زخمی کوہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دم توڑ گیا،ہلاک ملزم عبدالرحمن مبینہ طور پر بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا رکن اور مختلف اضلاع میں ڈکیتی، رہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے 181 مقدمات میں مطلوب تھا۔