سی سی ڈی ،پولیس کیساتھ مقابلے ،2 ملزم ہلاک ،4 گرفتار
مرنیوالوں میں اشتہاری حسنین اور عبد اللہ شامل ، فائرنگ سے تھانیدار زخمی اوکاڑہ میں 40مقدمات میں مطلوب ڈاکو مقابلے میں زخمی ، ہسپتال منتقل
گوجرانوالہ،اوکاڑہ (کرائم رپورٹر، خبرنگار) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پو لیس کیساتھ مقابلوں میں 2 خطرنا ک ملزم ہلاک جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔سی سی ڈی حکام کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ ڈکیتی، رہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم مخصوص علاقے میں موجود ہیں۔ اطلاع پر سی سی ڈی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران خطرناک اشتہاری ملزم حسنین ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی بشارت اور پرویز زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم حسنین ڈکیتی، رہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے 56 مقدمات میں مطلوب تھا ،ملزموں سے ناجائز اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ، تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں ناکے پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی ، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی جو ڈکیتی، رہزنی اور چوری سمیت 25 سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا ، مقابلے کے دوران اے ایس آئی کاشف زخمی ہو گیا اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تتلے عالی میں منشیات فروشی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم سفیان ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ باغبانپورہ کے علاقے میں اقدام قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم عمر سجاد پولیس سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش میں زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا ،ملزم سے ناجائز اسلحہ اور بغیر نمبر موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی ۔ تھانہ صدر اوکاڑہ کے علاقہ 36 جوڑے روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے مبینہ پولیس مقابلے میں 40مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے 2ساتھی فرار ہو گئے ،پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے دوران مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو تین ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی،جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو اشفاق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے ،موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرکے زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔