مخالفین کو پھنسانے کیلئے 9سالہ پوتا قتل، دادا گرفتار

 مخالفین کو پھنسانے کیلئے 9سالہ پوتا قتل، دادا گرفتار

پیٹ چاک کرکے مسجد میں جا کر نماز پڑھتا رہا، لوگوں کیساتھ جائے وقوعہ پربھی گیا سی سی ٹی وی فوٹیج نے راز کھول دیا، 2 لاکھ ایڈوانس سے بچنے کیلئے واردات کی:پولیس

گوجرانوالہ، واہنڈو، کامونکے (کرائم رپورٹر، نامہ نگار، تحصیل رپورٹر)تھانہ واہنڈو کے علاقے سیچ کالر میں مخالفین کو جھوٹے قتل کے مقدمے میں پھنسانے کی خاطر ایک شخص نے اپنے 9 سالہ پوتے کو بہیمانہ تشدد کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ پولیس نے چند گھنٹوں میں اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کے دادا عبدالرحمن کو گرفتار کر لیا، جس نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا۔پولیس کے مطابق عبدالرحمن نے اپنے پوتے شعیب کو رات کے وقت چیز دلانے کا بہانہ بنا کر گھر سے باہر نکالا اور اسکول کے عقب میں واقع کھیتوں میں لے جا کر پہلے ڈنڈے سے وار کیا، پھر چھری سے اس کا پیٹ چاک کر دیا۔ بچے کو مردہ سمجھ کر ملزم واپس حویلی آیا، ہاتھ منہ دھویا اور مسجد جا کر نماز میں شامل ہو گیا۔ادھر بچے کی لاش ملنے کی اطلاع پر اہلِ علاقہ جائے وقوعہ پر جمع ہوئے تو ملزم بھی نمازیوں کے ساتھ وہاں پہنچ گیا۔ جب معلوم ہوا کہ بچے میں ابھی سانس باقی ہے تو وہ خود اسے ہسپتال لے گیا، تاہم راستے میں بچہ دم توڑ گیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل نے فوری تحقیقات کا حکم دیا۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے کرائم سین کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی، جس میں ملزم بچے کو اپنے ساتھ لے جاتا نظر آیا۔ شواہد سامنے آنے پر ملزم نے جرم قبول کر لیا۔تفتیش کے مطابق عبدالرحمن مقامی زمیندار امان اللہ کے پاس ملازم تھا اور اس سے 2 لاکھ روپے ایڈوانس لے رکھے تھے ۔ ملازمت چھوڑنے پر زمیندار رقم واپس مانگ رہا تھا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ مخالفین کو قتل کے مقدمے میں پھنسا کر نہ صرف رقم کی ادائیگی سے بچنا چاہتا تھا بلکہ ان سے مزید رقم بھی وصول کرنے کا منصوبہ رکھتا تھا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں