نواں کوٹ، بادامی باغ تھانہ میں 3 ملزموں کیخلاف 8 دفعات کے تحت مقدمات درج
لاہور(کرائم رپورٹر)نواں کوٹ اور بادامی باغ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات پر 3 ملزموں کے خلاف دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت 8 دفعات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
نواں کوٹ پولیس کے مطابق ایس ایچ او نواں کوٹ محسن شہزاد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں پر 3 مسلح ملزموں نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی اور بعدازاں سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور ایل ڈبلیو ایم سی کی گاڑی چھین کر فرار ہوگئے ۔ علاوہ ازیں تھانہ بادامی باغ میں سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد کو شہید کرنے کے واقعہ کاانسپکٹر نسیم خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے مطابق پیشے خان چوک بادامی باغ میں فیاض بٹ کے مکان میں چند دہشت گرد مبینہ طور پر دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
سب انسپکٹر عدیل عاشق اور ہیڈ کانسٹیبل اسد علی ملزموں کی گرفتاری کیلئے وہاں پہنچے تو فیاض بٹ اور اس کے دو ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ فیاض بٹ نے زمین پر گرے دونوں اہلکاروں کے اوپر چڑھ کر پستول سے فائرنگ کی جس سے راہ گیر زاہد امین بھی زخمی ہو گیا۔ دوسری طرف شیخوپورہ کے علاقہ کالا شاہ کاکو میں مبینہ مقابلے کے دو ران دونوں ملزموں فیاض بٹ اور ریحان بٹ کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ صدر مریدکے میں ایس ایچ او انسپکٹر عامر افضل کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، بارودی مواد رکھنے ، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments