پولیس پر حملے :مبینہ ٹارگٹ کلر کی بیٹی سمیت 4افراد گرفتار

 پولیس پر حملے :مبینہ ٹارگٹ کلر کی بیٹی سمیت 4افراد گرفتار

21 سالہ ماہ نور اسی مدرسے میں زیر تعلیم رہی جہاں اس کابھائی فیضان پڑھتا رہا مصری شاہ میں ریحان بٹ کے گھر سے ہینڈ گرنیڈ برآمد ،شہید عدیل سپردخاک

لاہور(کرائم رپورٹر،آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں سب انسپکٹر سمیت 3پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد مبینہ پولیس مقابلے میں باپ بیٹے کی ہلاکت معاملے کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ پولیس نے مبینہ ٹارگٹ کلرفیاض بٹ کی بیٹی اور 3سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق ٹارگٹ کلر فیاض کی 21 سالہ بیٹی ماہ نور شہزادی بھی زیر حراست ہے ، وہ بھی اسی مدرسے میں زیر تعلیم رہی جہاں اسکا بھائی مبینہ ٹارگٹ کلر فیضان پڑھتا رہا، ماہ نور کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، اسکے  موبائل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا فرانزک کروایا جارہا ہے ۔ریحان بٹ کا بھائی فیضان بٹ بھی 2024 کو لاہور پولیس سے مبینہ مقابلے میں مارا گیا تھا ۔پولیس ذرائع نے کہا کہ ٹارگٹ کلر فیاض بٹ کے دو بیٹے فیضان اور ریحان تھے جبکہ ایک بیٹی بھی ہے ۔ پولیس تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ٹارگٹ کلر ریحان بٹ، فیاض بٹ اور طارق نے سب انسپکٹر عدیل اور کانسٹیبل اسد پر فائرنگ کے بعد لوکیشن ٹریس ہونے سے بچنے کیلئے موبائل بند کر دیئے تھے ، بعدازاں تھانہ نوانکوٹ کی حدود میں حملہ کے بعد ملزم سرکاری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے تو ملزموں کو جب سرکاری گاڑی میں نصب ٹریکر کا علم ہوا تو وہ مریدکے کے قریب گاڑی اور ڈرائیور کو چھوڑکر فرار ہوگئے ،بعد ازاں ملزموں نے راوی ریان کے علاقے میں گھر میں پناہ لینے کی کوشش کی جہاں فیاض بٹ اور اسکا بیٹاریحان بٹ مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ۔

ذرائع کے مطابق مصری شاہ میں ٹارگٹ کلر ریحان بٹ کے گھر سے ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کر لئے گئے ، فیاض بٹ کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ۔ مبینہ ٹارگٹ کلرز سے رابطے میں رہنے والے پولیس اہلکاروں سے بھی تفتیش جاری ہے ۔ علاوہ ازیں ٹارگٹ کلرز کی سہولت کاری کے شبہ میں مناواں کے رہائشی رکشہ ڈرائیور سمیت 3افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔شبہ ہے کہ رکشہ ڈرائیور نے ٹارگٹ کلرز کو حملے کے دوسرے مقام تک پہنچایا، رکشہ ڈرائیور پہلے حملے کے وقت بادامی باغ موجود تھا ۔ پولیس فرار ملزم طارق کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے ماررہی ہے ۔ ادھر شہید سب انسپکٹر عدیل کو معصومیہ قبرستان بند روڈ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز، پولیس افسروں و اہلکاروں، اہم شخصیات، عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...