شادمان حادثہ:جاں بحق زین سپردخاک،شفاف انکوائری کا حکم
سی ٹی او نے ٹریفک اسسٹنٹ کو معطل کر دیا، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا اعلان انکوائری رپورٹ آئی جی کو ارسال کی جائیگی ، زین کے بھائی کا انصاف فراہمی کا مطالبہ
لاہور (کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شادمان کے قریب پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں جاں بحق شہری زین کے اہلخانہ سے دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف انکوائری اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دے دیا۔جاں بحق زین کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ زین کے بھائی ایاز نے کہا ہے کہ میرے بھائی کا قتل ہوا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب ہمیں انصاف فراہم کریں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ 26 اگست کو پیش آیا، جب شادمان کے قریب تعینات ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے زین کو رکنے کا اشارہ کیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے متعلقہ ٹریفک اسسٹنٹ کو پہلے ہی معطل کر دیا تھا، تاہم تاحال سلطان الحق کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ایس ایس پی صدر زون حافظ خضر زمان کو معاملے کی تفصیلی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے ۔ حادثے میں زخمی ہونے والا ٹریفک اسسٹنٹ بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ترجمان کے مطابق انکوائری مکمل ہونے اور رپورٹ کی روشنی میں واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ٹریفک پولیس واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ جلد آئی جی پنجاب کو ارسال کرے گی۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments