نیلم تھیٹر چنیوٹ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سیل کردیاگیا
قانون، ضابطہ اخلاق اور انتظامی ہدایات کی پابندی یقینی بنائی جائے گی:حکام
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد اور ضلعی انتظامیہ چنیوٹ کی جانب سے نیلم تھیٹر میں ضابطہ اخلاق اور دیگر قانونی و انتظامی امور کی نگرانی کے لیے مشترکہ کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران نیلم تھیٹر چنیوٹ میں متعدد خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا گیا، جن میں منظور شدہ ڈرامے اور تھیٹر کے طے شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور تشہیری مواد سے متعلق بے ضابطگیاں شامل تھیں۔ متعلقہ حکام نے موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا اور خلاف ورزیوں کی رپورٹ مرتب کی۔ضلعی انتظامیہ چنیوٹ اور پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کے متعلقہ افسران نے تھیٹر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تھیٹر میں تمام سرگرمیاں مقررہ قوانین، ضابطہ اخلاق اور متعلقہ حکام کی اجازت کے مطابق کی جائیں۔ خلاف ورزیوں کی بنیاد پر نیلم تھیٹر چنیوٹ کو سیل کردیا گیا۔ حکام نے واضح کیا کہ تھیٹر میں قانون، ضابطہ اخلاق اور انتظامی ہدایات کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments