ملتان،یتیم بچے کو کار سے کچلنے والا پولیس مقابلے میں ہلاک
سی سی ڈی پولیس ملزم کو گاڑی میں لیجا رہی تھی کہ ساتھیوں نے حملہ کر دیا ملزمان کی اپنی فائرنگ سے توقیر ہلاک ہو گیا،دوسرا نامزد ملزم امجد تا حال فرار
ملتان (کرائم رپورٹر)ملتان میں یتیم نوجوان کو کار کی ٹکر سے قتل کرنے والا ملزم توقیر بہاولپور میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، سی سی ڈی بہاولپور کے مطابق مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو دوران ناکہ بندی روکا جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جسکی شناخت کی گئی تو یہ ملتان میں یتیم نوجوان وسیم عباس کے قتل میں ملوث اور پولیس حراست سے فرار ہونے والا ملزم توقیر تھا، تفصیل کے مطابق تھانہ ڈی ایچ اے ملتان کے علاقہ نجی کالونی میں کار کی ٹکر سے یتیم نوجوان وسیم عباس کا قتل کرنے کا مقدمہ پولیس نے سی سی ڈی ملتان کو منتقل کردیا تھا ،سی سی ڈی منگل کی شب تھانہ ڈی ایچ اے سے ملزم توقیر کو لینے گئی اسے ہتھکڑیاں لگا کر سرکاری گاڑی میں بٹھایا گیا جب ننگانہ چوک پہنچے تو سرکاری گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا اس دوران موٹر سائیکل سوار مسلح افراد حملہ آور ہوئے اور توقیر کو ہتھکڑی سمیت لے کر فرار ہوگئے بعد ازاں بہاولپور سی سی ڈی ٹیم نے کراچی موڑ چوک پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو مشکوک افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس میں ملزمان کی اپنی فائرنگ سے ایک ساتھی ہلاک ہوا جسکی شناخت کی گئی تو یہ توقیر تھا جو ملتان سے فرار ہواتھا ،
سی سی ڈی ملتان نے مذکورہ واقعہ کا مقدمہ نمبر125/26 تھانہ سی سی ڈی بہاولپور میں درج کرلیا، توقیر کے پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے کے بعد اسکی ڈیڈ باڈی کو ملتان منتقلی کے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں علاوہ ازیں مذکورہ کیس میں ملتان پولیس کی جانب سے دو مزید مقدمات درج کئے گئے ہیں یہ مقدمات چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت درج کئے گئے ہیں ایک مقدمہ ملزم توقیر کے خلاف چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ دوسرا مقدمہ یتیم خانہ کے مالک شعیب کے خلاف تھانہ بی زیڈ میں درج کیا گیا ہے ، واضح رہے مقتول وسیم عباس جس یتیم خانہ میں رہائش پذیر تھا وہ شعیب کا تھا اور اسی نے وسیم عباس کو توقیر کے حوالے کیا تھا۔ سی پی او ملتان اختر فاروق کا کہنا ہے کہ دوسرے نامزد ملزم امجد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments