قصور:ٹریکٹر کی ٹکر سے ماں ، بیٹا جاں بحق، شوہر زخمی
حادثے میں 30سالہ نورین بی بی ، 5سالہ سارم نے موقع پر دم توڑ دیا شیخوپورہ میں 18سالہ معظم تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا
قصور، شیخوپورہ (نمائندہ دنیا، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ماں اور کمسن بیٹا جاں بحق، شوہر زخمی ہوگیا ،موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور ان کا کمسن بیٹا رائیونڈ بچوکی پھاٹک کوٹ رادھاکشن کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آگئے ۔ حادثے کے نتیجے میں 30سالہ نورین بی بی اور پانچ سالہ بیٹا سارم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ موٹر سائیکل سوار شاہد زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے انڈس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔اطلاع ملنے پر رائیونڈ پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کردی ، پولیس ٹیم نے تعاقب کے بعد مبینہ طور پر حادثے میں ملوث ڈرائیور محمد جمیل کو قصور کے علاقے سے گرفتار کرلیا اور ٹریکٹر ٹرالی بھی قبضے میں لے لی۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ مرید کے روڈ پر 18 سالہ نوجوان معظم مختار جو مانانوالہ کا رہائشی تھا سڑک کراس کرنے لگاکہ اچانک تیز رفتار ٹرک آگیا جس کی ٹکر سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ریسکیو1122کی ٹیم نے لاش کو ضرور ی کارروائی کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments