کینال روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے میاں بیوی جاں بحق
ٹھوکر کے قریب ٹریکٹر اگلا ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہوکر موٹرسائیکل سے جاٹکرایا میاں بیوی نئے مکان کی تلاش میں جا رہے تھے ، حادثے کاشکارہوگئے :پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)نواب ٹاؤن کے علاقے کینال روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کا فرنٹ ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پیش آنے والے خوفناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی شناخت 55 سالہ بابر اور 50 سالہ گلشن بی بی کے نام سے ہو ئی۔پولیس کے مطابق حادثہ کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور کے قریب پیش آیا، جہاں ٹریکٹر ٹرالی کا اگلاٹائر اچانک پھٹ گیا اور ٹرالی بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی نئے مکان کی تلاش میں ای ایم ای سوسائٹی جا رہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئے ۔ متوفین کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں ،پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور محمد نوید کو موقع سے حراست میں لے کر تھانہ نواب ٹاؤن منتقل کر دیا، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔دوسری جانب سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد دونوں میتیں ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments